افغانستان نے نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

ورلڈ کپ: افغانستان نے نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 34ویں میچ میں افغانستان نے نیدرلینڈز کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیدرلینڈز نے افغانستان کو جیت کےلیے 180 رنز کا ہدف دیا، جو اس نے 31.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، حشمت اللّٰہ شاہدی 56 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

رحمت شاہ نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے شامل تھے، ابراہیم زدران 20 اور رحمان اللّٰہ گرباز 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عظمت اللّٰہ عمرزائی31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

لکھنو میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

کرکٹ ورلڈ کپ کے 34 ویں میچ میں نیدر لینڈز نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیدرلینڈز کی طرف سے سائبرانڈ 58 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ میکس اوڈاؤڈ نے 42، کولن ایکرمین نے 29، وین ڈر مروے نے11 اور وین میکرین نے 4 رنز بنائے۔

افغانستان کی طرف سے محمد نبی نے 3، نور احمد نے 2 اور نجیب الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نیدرلینڈز کے 4 بیٹرز رنز آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی نے کہا تھا کہ ہم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، ورلڈ کپ میں ہمیں ہر طرف سے سپورٹ مل رہی ہے۔

حشمت اللّٰہ شاہدی نے بتایا کہ نوین الحق کی جگہ نور احمد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

اس موقع پر نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا تھا کہ اچھا اسکور دے کر اس کا دفاع کریں گے، وکرم جیت سنگھ کی جگہ ویزلی براسی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

ورلڈ کپ میں اب تک دونوں ٹیمیں چھ، چھ میچز کھیل چکی ہیں، افغانستان نے اپنے 3 اور نیدر لینڈز نے 2 میچز جیتے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر افغانستان چھٹے اور نیدر لینڈز آٹھویں نمبر پر ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے