انتخابات 8 فروری کو، عدالتی حکم پر اتفاق، چیف الیکشن کمشنر کی صدر مملکت سے سپریم کورٹ کی ہدایت پر ملاقات میں تاریخ طے

انتخابات 8 فروری کو، عدالتی حکم پر اتفاق، چیف الیکشن کمشنر کی صدر مملکت سے سپریم کورٹ کی ہدایت پر ملاقات میں تاریخ طے

اسلام آباد(ایجنسیاں)الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے 28 جنوری ،  4 فروری اور 11 فروری کی تاریخوں پر رائے دی تاہم تفصیلی مشاورت کے بعد فریقین نے8 فروری کی تاریخ پر رضامند ی ظاہرکردی‘ سپریم کورٹ کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان نے صدر عارف علوی سے ملاقات کی‘اس موقع پر الیکشن کمیشن کے ارکان بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات اور طویل مشاورت میں عام انتخابات کیلئے صدر مملکت کے سامنے 3 تاریخیں رکھی گئیں ۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے 28جنوری ، 4فروری اور 11فروری کی تاریخوں پر رائے دی‘الیکشن کمیشن کی جانب سے 11فروری کو انتخابات کیلئے موزوں قرار دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر صدر سے ملاقات کے بعد ایوان صدر سے روانہ ہوکر الیکشن کمیشن پہنچے جہاں انہوں نے صدر مملکت کو خط لکھتے ہوئے ملک میں 11فروری کو الیکشن کرانے کی تجویز دی۔ذرائع کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے درمیان ملاقات میں الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا جس کے بعد اٹارنی جنرل صدر مملکت کا پیغام لے کر چیف الیکشن کمشنر کے پاس گئے اور صدر مملکت کا موقف چیف الیکشن کمشنر کے سامنے رکھا ۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن اور صدر مملکت میں 8 فروری کو انتخابات کرانے پر اتفاق رائے ہوگیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر چیف الیکشن کمشنرنے اٹارنی جنرل منصور عثمان اور الیکشن کمیشن کے چار اراکین کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی ۔ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں ملک میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور صدرمملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے کی گئی پیش رفت کو سنا۔ایوان صدر نے بتایا کہ تفصیلی بحث کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے