دیکھیں ہم نے PTI اور PP کو اکٹھا کر دیا، چیف جسٹس
اسلام آباد (پی پی آئی) چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے دوران سماعت ریمارکس میں کہا کہ دیکھیں ہم نے تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کو اکٹھا کر دیا۔
عام انتخابات 90 دن میں کرانے کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا کہ الیکشن کمیشن صدر مملکت سے عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق مشاورت کرے، ہم انتخابات کی تاریخ نہیں بدلنے دیں گے۔
چیف جسٹس کے استفسار پر پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ مخصوص کی جائے جو پتھر پر لکیر ہو۔ پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق نائیک نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ انہیں صدر مملکت سے الیکشن کی تاریخ سے متعلق مشاورت پر کوئی اعتراض نہیں۔
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ دیکھیں ہم نے تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کو اکٹھا کر دیا، کل کو یہ سرخی نہ لگی ہو کہ ان دونوں پارٹیوں میں اتحاد ہو گیا۔