زارا علینا کے قاتل جارڈن میک سوینی کی سزا میں 5 برس کی کمی
لندن کی عدالت نے خاتون قانون داں زارا علینا کے قاتل جارڈن میک سوینی کی سزا میں 5 برس کی کمی کر دی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جارڈن میک سوینی نے زارا علینا کو گزشتہ برس 26 جون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا تھا، جس کا اعتراف جارڈن میک سوینی نے عدالت میں کیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن کی عدالت نے جارڈن میک سوینی کو گزشتہ برس دسمبر میں سزا سنائی تھی تاہم وہ اس وقت عدالت میں پیش نہیں ہوا تھا۔
عدالت نے اسے مقتولہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے کے جرم میں 38 برس قید کی سزا سنائی تھی۔
اب میڈیا رپورٹس کے مطابق جارڈن میک سوینی نے اس سزا کے خلاف دائر اپیل جیت لی ہے، جس کے بعد اس کی سزا میں 5 برس کی کمی کر کے اسے 33 برس کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ زارا علینا کے قتل کی واردات برطانیہ کے ایشیائی اکثریت والے علاقے الفریڈ میں پیش آئی تھی۔
جارڈن میک سوینی زارا کا قتل کرنے سے قبل بھی 5 خواتین پر حملے کر چکا تھا۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مذکورہ قاتل زارا پر حملے سے 9 روز قبل لائسنس پر جیل سے رہا ہوا تھا۔