پسنی سے اورماڑہ جانے والی فورسز کی 2 گاڑیوں پر حملہ، 14اہلکار شہید، ڈی آئی خان میں دھماکا، 5 افراد جاں بحق
راولپنڈی (جنگ نیوز/ایجنسیاں)بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آرفورسز کے قافلے پر عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر حملہ کیا اور افسوسناک واقعے میں 14فوجی جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے‘ گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ادھرڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نفری لے کر جانے والی گاڑی کے قریب موجود موٹرسائیکل میں نصب آئی ای ڈی بم کا زوردار دھماکہ اور فائرنگ سے 5افراد جاں بحق جبکہ 21سے زائد افراد زخمی ہوگئےجن میں سے 5افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کی وین پولیس نفری کو لے کر تحصیل کلاچی جا رہی تھی جیسے ہی گاڑی ٹانک اڈہ چوک پر قریب پہنچی تو سڑک کے کنارے موجود موٹرسائیکل میں نصب آئی ای ڈی بم زوردار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی دھماکہ کے فوری بعد نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی ۔پولیس ذرائع کے مطابق ایک نوجوان کاچہرہ جھلس جانے کے باعث اس کی لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے دونوں بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور بی ڈی یو کی جانب سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں ، بم ڈسول سکواڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پانچ سے چھ کلو مواد کا بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔