ون ڈے سیریز ،پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر تاریخ رقم کرلی ، مریم نواز کی مبارکباد
پرتھ (ویب ڈیسک)پاکستان نے دو دہائیوں بعد آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے جیت لی، اس جیت پر وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی ٹیم کو مبارکباد دی۔
تفصیل کے مطابق پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 20 کے مجموعی سکور پر جیک فریزر میک گرک 7 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے، آرون ہارڈی 12 اور کپتان جوش انگلس 7، مارکس سٹوئنس 8، ایڈم زمپا 13 گلین میکسویل صفر پر پویلین لوٹے۔ اوپنر میٹ شارٹ 22 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل سکے۔
میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے کے سبب کوپر کونولی 7 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور دوبارہ بیٹنگ کیلئے نہ آسکے، کینگروز کیلئے 8ویں وکٹ کی شراکت میں 22 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم شان ایبٹ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 3، 3 حارث رؤف نے 2 جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پہلی وکٹ کیلئے 84 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم، عبداللہ 37 اور صائم ایوب 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بابراعظم 28 اور محمد رضوان 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی 22سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباددی اور کہاکہ شا ہینوں نے کینگروز کو انہی کی سرزمین پر ہرا کر تاریخ رقم کردی ۔