سابق نگران وزیرکی عوام پر اضافی ٹیکسوں کے پلان کی مخالفت ، حل بھی بتادیا
لاہور (ویب ڈیسک) سابق نگراں وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے عوام پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کے پلان کی مخالفت کی ہےاور کہاکہ ایف بی آر کا ٹیکس شارٹ فال ٹیکس نظام میں اصلاحات کے ذریعے پورا کیا جائے، حکومت غیر معمولی منافع کمانے والی مقدس گائے پر ٹیکس لگائے۔
ایک بیان میں سابق نگراں وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ حکومت 180 ارب روپے کا ٹیکس شارٹ فال پورا کرنے کیلئے عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ نہ ڈالے، عوام پہلے ہی بنیادی ضروریات پوری کرنے کےلیے مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں، گذشتہ اڑھائی برس میں مہنگائی میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ٹیکس نظام کی کمزوریوں کے باعث بعض شعبوں میں مقدس گائے غیر معمولی منافع کما رہی ہیں،گھریلو، کمرشل، صنعتی صارفین کو بجلی کے بلز میں 12روپے کا ریلیف دیا جائے، صارفین کو صرف موسم سرما میں اضافی بجلی کے استعمال پر ریلیف نہ دیا جائے البتہ 31 دسمبر تک آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کو حتمی شکل دے کر یہ ریلیف عوام کو دیا جاسکتا ہے۔