سموگ کے باعث 5 سال سے کم عمر بچوں کو خطرہ لاحق، انتباہ جاری
لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب میں سموگ کی وجہ سے 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ سے زائد بچوں کو خطرہ لاحق ہے جس کی وجہ سے عالمی ادارہ برائے اطفال نے پاکستان میں انتباہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق یونیسیف کے نمائندے عبداللّٰہ فادل نے آلودہ اور زہریلی ہوا میں سانس لینے والے بچوں کی صحت سے متعلق شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے فوری اور وسیع تر اقدامات پر زور دیا ہے،فضائی آلودگی کی ریکارڈ سطح سے قبل بھی پاکستان میں 5 سال سے کم عمر 12 فیصد بچوں کی اموات ہوا کے خراب معیار کی وجہ سے ہوتی تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ غیر معمولی سموگ کے اثرات کا اندازہ کچھ وقت بعد ہو گا، آلودگی کی مقدار میں دگنا اور تین گنا اضافے سے حاملہ خواتین اور خاص طور پر بچوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے، بچے کمزور پھیپھڑوں اور کم قوت مدافعت کی وجہ سے زیادہ متاثر ہیں، یہ آلودہ ذرات بچوں کی دماغی نشوونما پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
عبداللّٰہ فادل نے حکام سے درخواست کی ہے کہ فوری طور پر قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور حفاظت کے لیے آلودہ مادوں کے اخراج سے متعلق ضوابط کو مزید مضبوط بنایا جائے۔