بشریٰ بی بی،عمران خان کی بات ماننے سے انکاری، دعویٰ سامنے آگیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے شوہر کی بات ماننے سے انکار کر دیا،ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کے لیے متبادل جگہ کی ہامی بھری لیکن بشریٰ بی بی اس بات کو ماننے سے انکاری ہیں۔جس پر عمران خان نے ملاقات میں ویڈیو پیغام بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور کارکنوں کے لیے ریکارڈ کروایا۔
عمران خان نے حکومتی تجاویز میں سے ایک پر اتفاق کر لیا، حکومت سے بات چیت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ گزشتہ روز ملاقات میں بیرسٹر گوہر کو بانی پی ٹی آئی نے ویڈیو میسج بھی ریکارڈ کروایا، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے حکومتی وفد سے بات چیت سےعمران خان کو آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت کے لیے حکومت سے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ چند سازشی عناصر ڈی چوک کے بجائے دوسرے مقام پر ہمیں روکنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا ہے، ڈی چوک سے کم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر کارکنان راضی نہیں ہیں۔وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے پہلے ڈی چوک جانے کی مخالفت کی تاہم بعد میں وہ بھی ریڈ زون کی جانب روانہ ہوئے۔