یورپی ایئرسیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے پر عائد پابندی ختم کردی
کراچی (ویب ڈیسک ) یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی نے پاکستان پر عائد پابندیاں ختم کردی ہیں۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے بیان میں کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پرعائد پابندی ختم کردی گئی ہے اور مذکورہ عائد پابندی کا ختم ہونا ایک یادگارموقع ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے، یہ کامیابی وزارت ہوابازی اور سول ایوی ایشن کی جانب سے سیفٹی معیارات یقینی بنانے پرملی ہے اور پاکستانی ایئرلائنز پر عائد معطلی اٹھا لی گئی ہے۔
یاد رہے کہ جولائی 2020 میں اس وقت کے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی جانب سے پارلیمنٹ میں پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے انکشاف اور مشکوک لائسنس کا اسکینڈل سامنے آنے پر یورپ اور برطانیہ میں پی آئی اے سمیت تمام پاکستان ایئرلائنز پر پابندی عائد کردی تھی۔