عمران خان سانحہ 9مئی کے قصور وار قرار، انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کردیا
لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو سانحہ 9 مئی کا قصور وار قراردیدیا گیا ہے اور اان کی کور کمانڈر ہاؤس پر حملے سمیت نو مئی کے آٹھ مقدمات میں ضمانت کی در خواستیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیاگیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے نے قرار دیا کہ پراسیکیوشن کے پاس بانی پی ٹی آئی کی اشتعال انگیزی کی ہدایات پر مبنی آڈیوزاور بصری ثبوت موجود ہیں۔عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی اس دلیل میں کوئی وزن نہیں ہے کہ وقوعہ کے وقت بانی پی ٹی آئی گرفتار تھے۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں یہ نشان دہی کی گئی کہ زمان پارک میں تیار کی گئی سازش کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ پر ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی گرفتاری کے خدشے پر ایک سازش تیار کی ہے اور اس سازش کے تحت گرفتاری کی صورت ان کی جماعت کی قیادت ریاستی مشینری کو جام کر دے گی ۔
عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ پروسیکیوشن کا یہ نقطہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے گرفتاری سے پہلے سازش تیار کی تھی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اس دلیل سے بھی اتفاق نہیں کیا کہ ان کے موکل کی دیگر مقدمات ضمانت ہو چکی ہے۔عدالت نے باور کرایا کہ ہر مقدمہ دوسرے مقدمے سے مختلف ہوتا ہے اور اسے جانچنے کی کسوٹی بھی مختلف ہوتی ہے۔