منیب بٹ نے اہلیہ ایمن خان سے پہلی ملاقات کا احوال بتادیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک) معروف اداکار منیب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گرل فرینڈ بوائے فرینڈ کے رشتے پر یقین نہیں رکھتے، اسی لیے انہوں نے بھی شادی کو ترجیح دی ، ساتھ ہی انہوں نے ایمن خان سے پہلی ملاقات کا احوال بھی بتادیا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے منیب بٹ نے بتایا کہ شادی سے قبل وہ اپنی اہلیہ ایمن خان کو خود سے کم عمر ہونے کی وجہ سے چھوٹی بہن کے طور پر دیکھتے تھے۔ ان کا خیال ہے کہ پسند آجانے کے بعد فوری شادی کرلینی چاہیے۔اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی ایسے ہی کیا، جب انہوں نے اور ایمن خان نے ایک دوسرے کو پسند کرلیا تو فوری طور پر گھر والوں کو بتادیا اور چند ماہ میں ہی ان کی منگنی ہوگئی۔منیب بٹ کے مطابق ان کی منگنی 2017 کے آغاز میں ہوئی تھی اور 2018 میں انہوں نے شادی کرلی۔
اداکار نے بتایا کہ ان کی اور اہلیہ کی عمر میں 6 سال کا فرق ہے، وہ بیوی سے 6 سال زائد العمر ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ ان کی اہلیہ سے عمر میں بڑی ہیں۔ منیب بٹ نے ایمن خان سے ملنے اور پیار کی کہانی بتاتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار انہوں نے اداکارہ کو ایک ڈراما سیٹ پر دیکھا تھا، اس وقت ایمن خان کی عمر 14 برس تھی جب کہ وہ 19 سال کے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت یونیورسٹی تعلیم کے آخری سال میں تھے جب کہ ایمن خان اسکول میں پڑھتی تھیں، اس لیے وہ انہیں چھوٹی بہن کے طور پر ہی دیکھتے تھے۔
منیب نے بتایا کہ بعد ازاں وہ کچھ عرصے بعد دوبارہ ڈرامے کے سیٹ پر ملے، اس وقت ایمن خان کی عمر 16 برس ہوچکی تھی، تب ان میں اور ایمن خان میں دوسرا سلسلہ شروع ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ بعد میں ایمن اور ان کے درمیان ملاقاتیں ہونے کے بعد جب دونوں نے ایک دوسرے سے اظہار محبت کیا تو دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا۔