کورٹ مارشل کی کارروائی میں اہم پیش رفت، سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید باضابطہ چارج شیٹ
راولپنڈی (ویب ڈیسک) سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کیخلاف کورٹ مارشل کی کارروائی میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور انہیں باضابطہ طورپر چارج شیٹ کردیاگیا جس کا اعلان پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کی طرف سے کردیاگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اگست 2024 کو پاکستان آرمی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی تھی، ان کیخلاف چارجز میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزیاں ، ریاست کے تحفظ اور مفاد کو نقصان پہنچانا،اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال اور افراد کو ناجائز نقصان پہنچانا شامل ہے۔
پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے عمل کے دوران ملک میں انتشار اور بدامنی سے متعلق پرتشدد واقعات میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے ملوث ہونے بشمول 9مئی کے واقعات سے متعلق علیحدہ تفتیش بھی کی جا رہی ہے اور فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے عمل کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو قانون کے مطابق تمام قانونی حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔