بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ آگیا

پی ٹی آئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت  منسوخی کی درخواست پر فیصلہ آگیا اور درخواست نمٹادی گئی جس کے بعد اس خبر کے فائل ہوتے وقت بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل پہنچ چکی ہیں اڈیالہ جیل میں آج 2 کیسز کی سماعت   ہو گی، عدالت نے توشہ خانہ کیس ٹو میں  عمران خان  اور بشریٰ بی بی کو فرد جرم کے لیے طلب کر رکھا ہے۔

تفصیل کے مطابق بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ضمانت کی رعایت کا ملزم غلط استعمال کرے تو ٹرائل کورٹ بھی ضمانت منسوخ کر سکتی ہے۔
دورانِ سماعت ایف آئی اے نے کہا کہ بشریٰ بی بی ضمانت ملنے کے بعد ٹرائل کورٹ میں متعدد سماعتوں پر پیش نہیں ہوئیں، وہ ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال کر رہی ہیں، ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ بشریٰ بی بی آپ کے کنٹرول میں نہیں؟ ان کے کیسز کو سنجیدہ لینا چاہیے۔

بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی یہاں کمرۂ عدالت میں موجود ہیں۔عدالت نے سوال کیا کہ ضمانت ملنے کے بعد کتنی سماعتیں ہوئیں جن میں بشریٰ بی بی پیش نہیں ہوئیں؟

وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ہفتے میں 3 سماعتوں کا ٹرینڈ چل رہا ہے،   8 نومبر کو بشریٰ بی بی عدالت کے سامنے پیش ہوئیں، 12 نومبر کو سماعت نہیں ہوئی 14 نومبر کو ان کو استثنیٰ ملا، 24 نومبر کو بشریٰ بی بی کے خلاف 25 مقدمات درج ہوئے، بشریٰ بی بی حفاظتی ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں پیش ہوئیں، 5 دسمبر کو پہلی مرتبہ بشریٰ بی بی کے وارنٹِ گرفتاری جاری ہوئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اگر بشریٰ بی بی ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہوتیں تو جج ضمانت واپس لے سکتا ہے، یہ ہائی کورٹ کی توہین نہیں ٹرائل کورٹ جج کے پاس اختیار ہے جس کے بعد درخواست نمٹادی گئی۔

ادھر توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شارخ ارجمند کریں گے۔عمران خان   کو کمرۂ عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ بشریٰ بی بی نے عدالت کو اپنی حاضری کی یقین دہانی کرائی ہے۔آج کی سماعت میں پراسیکیوشن اور وکلاء صفائی کو حتمی دلائل دیے جانے کا امکان ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے