معدے کے مسائل سے چھٹکارے کیلئے مفید تجاویز
لاہور (ویب ڈیسک)معدے کے مسائل کے حل کے لیے معروف ڈاکٹر نے بہترین تجاویزدیدیں اور ادویات کی بجائے اپنی زندگی میں معمولی تبدیلی لاکر جلن اور تیزابیت جیسے مسائل سے چھٹکارے کے لیے مشورہ دیدیا۔
کنسلٹنٹ فزیشن اور میڈیکل سپشلسٹ ڈاکٹر احمد حسن رانجھا نے اپنے ولاگ میں بتایا کہ رات کا کھانا سونے سے کم ازکم تین گھنٹے پہلے کھالیں اور پھر پندرہ سے بیس منٹ کیلئے چل قدمی کرلیں۔کھانا پیٹ بھرنہ کھائیں، کچھ بھوک باقی چھوڑیں اور یہی بات ہمیں مذہب نے بھی سکھائی ۔
رات کو سوتے وقت اپنے سرہانے کو چھ سے دس انچ تک پائوں کی نسبت اونچا رکھیں۔سموکنگ، کیفین، الکوحل اور سوڈا مشروبات کا بائیکاٹ کریں۔تلی ہوئی، مرغن اور مرچ مصالحے والی خوراک کا استعمال کم سے کم کریں۔چست اور تنگ لباس سے اجتناب کریں، اس سے معدے پر دبائو پڑتا ہے تو تیزاب خوراک کی نالی میں جانے سے تیزابیت شروع ہوجاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر معدے کے مسائل سے دوچار ہیں تو اپنا وزن کم کرنے پر غور کریں، پیٹ کی چربی بھی معدے پر دبائو ڈالتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ کچھ ایسے طریقے ہیں جن کے لیے کچھ خرچ بھی نہیں ہوگا، بس تھوڑی توجہ اور احتیاط کی ضرورت ہے جس سے تیزابیت اور جلن جیسے آپ کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔