جنوبی کوریا میں مسافرطیارہ لینڈنگ کے وقت حادثے کا شکار، کم از کم 167 افراد مارے گئے
سیئول (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 167 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ طیارے میں مجموعی طورپر 181 افراد سوار تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث پیش آیا اور وہ رن وے سے اتر کر اطراف میں لگی باڑ سے ٹکرا گیا، جس سے طیارے میں آگ لگ گئی۔بدقسمت طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا۔
حادثے کے بعد ایمرجنسی عملے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے طیارے میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا، جبکہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ابتدائی طورپر لینڈنگ گیئر کی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔