عمران خان نے بنی گالہ میں نظر بند ہونے کی مبینہ پیشکش ٹھکرادی
راولپنڈی(ویب ڈیسک )تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے بنی گالہ میں نظر بند ہونے کی مبینہ پیشکش ٹھکرادی اور ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ میں نے ڈیڑھ سال جیل کاٹی ہے، پھر کیا ضرورت ہے کہ ڈیل کرکے باہر نکلوں۔
اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان پوچھ رہے ہیں کہ ڈیڑھ سال جیل کاٹی، پھرکیاضرورت ہے کہ میں ڈیل کروں اور جیل سے باہر نکلوں، عمران خان کا کہنا تھا جب میرے کیس ختم ہوگئے ہیں تو میں اس موقع پر ڈیل کیوں کروں، اپنے کیسز کا سامنا کروں گا اور بنی گالہ میں نظر بند نہیں ہوں گا۔
علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے والوں کے کیس کیسے معاف کر دیے گئے، 9 مئی کی سازش پہلے سے کی گئی تھی، پارٹی کو کرش کرنا تھا، عمران خان نے 26 نومبر اور 9مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی کے مطالبات دہرائے ہیں۔
یادرہے کہ تحریک انصاف کے ذرائع کی طرف سے ڈیل کی پیشکش کے دعوے سامنے آرہے ہیں تاہم حکومتی ذرائع ایسی پیشکشوں کی تردید کرچکے ہیں۔