عارف سعید پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر منتخب
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (POA) کے انتخابات میں عارف سعید بلامقابلہ صدر، فاطمہ لاکھانی سینئر نائب صدر اور خالد محمود اگلے چار سال کے لیے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہونے والے انتخابات کی نگرانی الیکشن کمیشن کے چیئرمین پرویز اقبال میر نے کی جنہوں نے کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔پی او اے کے سابق صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن 19 سال عہدے پر رہنے کے بعد مستعفی ہو گئے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی او اے کے نومنتخب صدر عارف سعید نے انتظامی معاملات پر سپورٹس مین شپ اور اخلاقیات کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کھیلوں میں میرٹ اور دیانت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمغوں کا حصول ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کو قائم کرنے کے بعد ہونا چاہیے۔
عارف سعید نے اتحاد کو فروغ دینے اور کھیلوں کی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا، جس کا مقصد تنظیم کو اولمپک کے اصولوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
دیگر منتخب عہدیداروں میں عامر جان، ماجد وسیم، عشرت اشرف اور عندلیب سندھو نائب صدر، محمد جہانگیر ڈپٹی سیکرٹری جنرل، احمد ملک سیکرٹری خزانہ اور اعصام الحق، واجد علی اور تہمینہ آصف ایسوسی ایٹ سیکرٹریز شامل ہیں۔ جنرل اولمپک کھیلوں کے نمائندوں میں حافظ عمران بٹ، محمد ارشد ستار، اور صدف اکرم شامل ہیں۔ سمیرا ستار، ثناء علی اور آمنہ تنویر ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر منتخب ہوئیں۔