کرم امن معاہدہ ، خیبرپختونخوا حکومت نے بھی تصدیق کردی
پشاور، کوہاٹ (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات اور حکومت کی جرگہ کمیٹی کے سربراہ بیرسٹر سیف نے کرم امن معاہدے پر دستخط کی تصدیق کردی اور کہا ہے کہ اس سے ضلع میں امن اور خوشحالی کا نیا سفر شروع ہوگا جبکہ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ معاہدہ کرم مسئلہ کے حل کیلئے مضبوط بنیاد بنے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، ایک فریق کی جانب سے چند دن پہلے دستخط ہو گئے تھے جبکہ دوسرے فریق نے آج دستخط کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنکرز کی مسماری اور بھاری اسلحے کی حوالگی پر دونوں فریقین متفق ہو گئے ہیں، امن معاہدے کے دستخط پر اہلیانِ کرم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ امن معاہدے سے کرم میں امن اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا اور معمولات زندگی جلد مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے مسئلے کے پر امن حل کےلئے صوبائی حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں، فریقین کے درمیان معاہدے پر دستخط کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے، اس اہم پیشرفت کا خیر مقدم کرتا ہوں اور تمام شراکت داروں کو مبارکباددیتا ہوں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کےلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا اور کہا کہ کرم کے مسئلے کے پر امن حل کےلئے کردار ادا کرنے پر علاقہ عمائدین، فریقین، جرگہ ممبران، کابینہ اراکین، متعلقہ سول وعسکری حکام کا مشکور ہوں۔