کرم امن معاہدے پر دستخط، بنکرز ختم اور اسلحہ جمع کرانے پر اتفاق، امن قائم ہونے پر راستے کھل جائیں گے
کوہاٹ (ویب ڈیسک) کوہاٹ میں ہونیوالے جرگے میں دونوں فریقین نے کرم امن معاہدے پر دستخط کردیے جس کے مطابق فریقین اپنے اپنے بنکرز ختم کریں گے اور اسلحہ جمع کرائیں گے، امن قائم ہونے کے بعد ہی کے پی حکومت راستے کھول دے گی ۔
تفصیل کے مطابق کرم میں امن کے لیے کوہاٹ میں جاری جرگہ بالآخر حتمی فیصلے پر پہنچ گیا، فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کردیئے تاہم فریقین کی جانب سے بنکرز ختم کرنے اور اسلحہ انتظامیہ کے حوالے کرنے تک راستے نہیں کھولے جائیں گے۔ معاہدے کے تحت دونوں فریقین قیام امن کے لیے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔
معاہدے کے مطابق حکومت 399 ارکان پر مشتمل خصوصی فورس بھی قائم کرے گی جو کرم کے راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے گی، خصوصی سیکیورٹی فورس جو قائم کی جائے گی اس کا فیصلہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں ہوا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ کرم امن معاہدے کا باقاعدہ اعلان گورنر ہاؤس پشاور میں ہوگا لیکن امن معاہدہ بہرحال ہوچکا ہے، فریقین ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں کے پابند ہوں گے۔
معاہدے پر عمل درآمد کے لیے یکم فروری تک کا وقت دیا گیا ہے کہ ایک ماہ کے اندر دونوں فریقین دوسرے فریق پر حملے کے لیے بنائے گئے اپنے اپنے بنکرز ختم کریں گے اور اسلحہ صوبائی حکومت کے حوالے کریں گے۔