مذاکرات کا دوسرا دورمکمل، پی ٹی آئی نے حکومت نے سامنے 2مطابات رکھ دیئے،ہمیں کوئی اعتراض نہیں:ڈار
اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور مکمل ہوگیا ،پی ٹی آئی رہنماؤں نے زبانی طور پر عمران خان سمیت دیگر کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن بنانے کے مطالبات پیش کردیئے تاہم عمران خان سے ملاقات و مشاورت کے بعد تحریری طور پر اپنا چارٹرآف ڈیمانڈ پیش کرینگے۔اسحاق ڈا ر نے کہا کہ ہمیں توقع تھی پی ٹی آئی تحریری طور پر اپنے مطالبات پیش کریگی تاکہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھایا جاسکے لیکن ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
تفصیل کے مطابق فریقین نے مذاکراتی عمل کو مثبت قرار دیتے ہوئے اسے جاری رکھنے پر اتفاق کیااور طے پایا پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی عمرا ن خان سے ملاقات و مشاورت کے بعد تیسرے مذاکراتی اجلاس کی تاریخ کا تعین کیا جائیگا۔
دونوں فریقین کی مذاکراتی کمیٹیوں کا دوسرا دور اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ان کیمرہ صدارت میں ہوا۔
ملاقات کے بعد جاری ہونیوالے اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی کمیٹی کے سر براہ عمرایوب خان ودیگرنے اپنا نکتہ نظر تفصیلی طور پر پیش کیا، عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا،حکومت کو ضمانتوں کے حصول میں حائل نہیں ہونا چاہئے۔
اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی کمیٹی نے آگاہ کیا تحریری طور پر چارٹر آف ڈیمانڈز پیش کرنے کیلئے ہمیں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات، مشاورت اور رہنمائی حاصل کرنے کا موقع دیا جائے،عمران خان نے یہ مذاکراتی عمل شروع کرنے کی اجازت دی ہے لہٰذا اسے مثبت طریقے سے جاری رکھنے کیلئے ان کی ہدایات ضروری ہیں۔