ڈیڑھ دہائی بھارتی جیل میں گزارنے والے پاکستانی شہری کو بالآخر رہائی کا حکم نامہ مل گیا
نئی دہلی (ویب ڈیسک ) 16سال بھارتی جیل میں گزارنے کے بعد پچاس سالہ پاکستانی شہری محمد مسروف عرف منصور احمد کوبلاخر رہائی کا حکم مل گیا، اور اب 7 فروری 2025 کو گورکھپور جیل سے انہیں رہا کیے جانے کا امکان ہے
تفصیل کے مطابق مسروف کو بہرائچ کے نیپال بارڈر سے 2008 میں گرفتار کیا گیا تھا۔محمد مسروف عرف منصور احمد پر قانونی دستاویز پاسپورٹ اور ویزا کے بغیر غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
مسروف کی رہائی کا حکم ایک سال پہلے بھی دیا گیا تھا لیکن کچھ تکنیکی وجوہات کی بنا پر یہ عمل رک گیا تھا لیکن اب وزارت داخلہ کی جانب سے احکامات کے بعد اسے بہرائچ سے دہلی اور پھر اٹاری بارڈر کے ذریعے پاکستان بھیجنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ مسروف نے اپنی سزا کے دوران اچھا برتا رکھا ہے اور اب وہ اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لیے بیتاب ہیں۔گورکھپور ڈسٹرکٹ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اے کے کشواہا کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا ہے اور مسروف کی رہائی کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے احکامات ملنے کے بعد انہیں 7 فروری کو رہا کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔