ملینز پائونڈ ریفرنس ، عمران خان کیخلاف فیصلہ سنانے کی ایک اور نئی تاریخ آگئی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) 190 ملین پائونڈ ریفرنس کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف فیصلہ سنانے کی ایک اور نئی تاریخ آگئی، ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ تیسری مرتبہ تبدیل کی گئی ہے اور اب 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔
تفصیل کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا آج رخصت پر ہیں، اس لئے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس کا فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔احتساب عدالت کے عدالتی عملے نے نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف اور پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر چھ جنوری کو سنایا جانے والا فیصلہ مؤخر کئے جانے کو پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت کے مذاکرات کے ساتھ جوڑا جا رہا تھا۔
خیال رہے کہ 190 ملین پاونڈ ریفرنس کا فیصلہ 18 دسمبر کو عدالت نے محفوظ کیا تھا۔ پہلے 23 دسمبر کو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم عدالت نے فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ ملتوی کرکے 6 جنوری مقرر کی تھی لیکن اب پھر تاریخ تبدیل کردی گئی۔