190 ملین پاؤنڈ کیس، فیصلے کی تاریخ میں تبدیلی پر عمران خان کی قانونی ٹیم کاموقف آگیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کی تاریخ میں تبدیلی پر پاکستان تحریک انصاف کے جیل میں قید بانی عمران خان کی قانونی ٹیم کاموقف آگیا۔
تاریخ میں تبدیلی کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے قانونی ٹیم کے رکن خالد یوسف چوہدری کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت نے فیصلہ سنانے کے لیے 6 جنوری یعنی کل کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے تاہم تاریخ کی تبدیلی سے متعلق انہیں کچھ معلوم نہیں ، ہمارے خلاف کیس ہے مگر ابھی تک ہمیں نہیں بتایا گیا کل فیصلے کی تاریخ تبدیل ہو چکی ہے یا نہیں، عدالتی عملے سے رابطہ کیا ان کی طرف سے بھی ابھی تک نہیں بتایا گیا کہ تاریخ تبدیل ہوچکی ہے۔
خالد یوسف چوہدری کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہم دیکھ رہے ہیں کہ شاید فیصلہ سنانے کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے، اور سوشل میڈیا پر یہ بھی چل رہا ہے کہ 10،12 دن بعد فیصلہ آئے گا۔
واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز یا القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سینکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔