شادی پر دلہن کے لئے 3 لاکھ کا پیکج اور ایک لاکھ روپے سلامی، منصوبہ سامنے آگیا
لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب میں حکومت کی طرف سے مستحق خاندانوں کی بچیوں کی شادیاں خود کروانے کامنصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس کے تحت دلہن کے لئے 3 لاکھ کا پیکج اور ایک لاکھ روپے سلامی دی جائے گی ۔
تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت مستحق خاندانوں کی بچیوں کی شادی کے اخراجات دھی رانی پروگرام کے تحت خود اٹھائے گی، دھی رانی پروگرام کے تحت 52 بچیوں کی پہلی اجتماعی شادی کی تقریب رواں ہفتے لاہور میں ہو گی۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام تقریب کی مہمان خصوصی وزیراعلی مریم نواز ہوں گی، منصوبے کے تحت حکومت پنجاب ایک شادی پر فی دلہن کو تین لاکھ چھ ہزار روپے کا پیکج دے گی جبکہ پیکج میں ہر دلہن کو ایک لاکھ روپے سلامی بذریعہ ایٹی ایم کارڈ دی جائے گی۔
سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے اجتماعی شادیوں کیلئے ایک ارب روپے کا فنڈ مختص کردیا، دھی رانی پروگرام سے قبل بیت المال سے صرف جہیز کیلئے 30 ہزار کی امداد کی جاتی تھی۔