جنوبی کوریا حادثہ، مسافر طیارے کا تباہی سے قبل کا فلائٹ ڈیٹا غائب ہونے کا انکشاف
سیول(ویب ڈیسک)جنوبی کوریا کے ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے موقع پر تباہ ہونے والے مسافر طیارے کا حادثے سے قبل کا فلائٹ ڈیٹا غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ 29 دسمبر کو جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر حادثے کا شکار ہونے والے جیجو ایئر کے طیارے کے فلائٹ ڈیٹا اور کاک پٹ وائس ریکارڈرز نے کنکریٹ کے ڈھانچے سے ٹکرانے سے تقریبا 4 منٹ قبل ریکارڈنگ بند کردی تھی، تحقیقات کرنے والے حکام اس بات کا تجزیہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کہ بلیک باکسز کے ریکارڈنگ بند کرنے کی وجہ کیا ہے۔
وزارت نے کہا کہ وائس ریکارڈر کا ابتدائی طور پر جنوبی کوریا میں تجزیہ کیا گیا تھا اور جب ڈیٹا غائب پایا گیا تو اسے امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی لیبارٹری بھیج دیا گیا، وزارت نے کہا ہے کہ تباہ شدہ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر کو امریکی سیفٹی ریگولیٹر کے تعاون سے تجزیے کے لیے امریکا لے جایا گیا تھا۔
وزارت ٹرانسپورٹ کے سابق تفتیش کار سم جے ڈونگ نے کہا ہے کہ اہم آخری لمحات کے گمشدہ ڈیٹا کی دریافت حیران کن ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ بیک اپ سمیت تمام بجلی کٹ گئی تھی جو شاذ و نادر ہی ہوتا ہے،دستیاب دیگر اعداد و شمار کو تحقیقات میں استعمال کیا جائے گا اور وہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تحقیقات شفاف ہوں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کیا جائے۔