8 فروری کا الیکشن سیاسی انقلاب قرار، لوگوں نے انتخابی نشان دیکھا، نہ جلسہ :شاہد خاقان عباسی
لاہور(ویب ڈیسک )سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے 8 فروری کے الیکشن کوملک میں سیاسی انقلاب قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر 8 فروری کو نواز شریف کہتے کہ ہم الیکشن ہار گئے ہیں تو آج ملک اس دوراہے پر نہ ہوتا،8 فروری کولوگوں نے نہ انتخابی نشان دیکھا اور نہ جلسہ دیکھا، تحریک انصاف کے 90 امیدوار پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑنا چاہتے تھے۔
تھنک فیسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 16 سال سے پیپلز پارٹی سندھ میں حکومت کر رہی ہے، پی ٹی آئی کے پی میں 11 سال سے حکومت کر رہی ہے اور ن لیگ کئی سال سے اقتدار میں ہے لیکن کسی نے صحت ، تعلیم یا انفراسٹرکچر جیسے مسائل کو حل نہیں کیا، یہ ناکامی کی ایک لمبی داستان ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان بھی 2018 میں اپنی طاقت سے نہیں جیتے اس حقیقت کو ماننا چاہیے، اس لیے ہمیں ماضی بھلا کر آگے بڑھنا چاہیے اور ملک کے بڑوں کو مل کر حل نکالنا پڑے گا، سیاست دانوں کو ملک بچانے کے لیے بڑے فیصلے کرنے پڑتے ہیں، اصول کے مطابق جنگ ضرور لڑیں، میں نے پہلی بار تنخواہ دار ظبقے پر ٹیکس کم کرایا، ہمیں الزامات کا کھیل ختم کرنا ہوگا، کوئی پارٹی کوئی شخص کوئی انسٹی ٹیوشن اس الزام سے خارج نہیں ہے، آئین اچھا ہے یا برا اس کو فالو کرنا چاہیے، اگر کسی کو آئین پسند نہیں ہے تو مل کر اسے تبدیل کر لیں۔