سیف علی خان ڈکیتی مزاحمت پر زخمی، تمام تفصیلات سامنے آگئیں
ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کے گھر ڈکیتی کی کوشش کی گئی جس دوران مزاحمت پر اداکار زخمی بھی ہوگئے ، انہیں رکشہ میں لیلاوتی ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں ان کی سرجری کی گئی جبکہ ایک ملزم کی پولیس نے شناخت کرلی، حملے کے وقت کرینہ کپور گھر پر موجود نہیں تھیں ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رات اڑھائی بجے ممبئی کے علاقے باندرا میں اداکار کے گھر واردات ہوئی، نامعلوم شخص نے چوری کی نیت سے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پراداکار نے مزاحمت کی تو ملزم نے چاقو سے وار کیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ خون میں لت پت سیف علی خان کو فوری ان کے سب سے بڑے بیٹے ابراہیم رکشے میںگھر سے دوکلومیٹردور موجود ہسپتال لے کر گئے۔
ہسپتال کے سی او او ڈاکٹر نیرج اُتمانی کے بیان کے مطابق سیف کو چاقو کے وار سے چھ زخم آئے جس میں سے دو کافی گہرے تھے، ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے نزدیک تھا تاہم سرجری کردی گئی ۔
ڈاکٹروں نے بتایاکہ سپائنل فلوئڈ کا اخراج ہو رہا تھا، چاقو نکال کر ریڑھ کی ہڈی کی مرمت کی گئی۔ ان کے بائیں ہاتھ اور گردن پر گہرے زخم بھی تھے جنہیں پلاسٹک سرجری ٹیم نے مرمت کیا، ان کی حالت اب مکمل طور پر مستحکم ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے، گھر والوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جارہے ہیں اور پولیس گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے ایک ملزم کی شناخت کرلی ہے اور مزید شواہد سے یہ جانچنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مقصد صرف لوٹ مار تھا یا کچھ اور۔۔ نقب زن نے عمارت کی سیکیورٹی کو بھی چکمہ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق54سالہ اداکار اپنی اہلیہ کرینہ کپور اور دو بچوں کےساتھ باندرا کے گھرمیں رہائش پذیر ہیں، اس سارے واقعے کے وقت اداکارہ کرینہ کپور گھر پر موجود نہیں تھیں، کرینہ کپور شام سے ہی اپنی بہن کرشمہ کپور اور دیگر دوستوں کے ساتھ تھیں۔اس حوالے سے کرشمہ کپور نے سوشل میڈیا پر تصویر بھی شیئر کی تھی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کرینہ کپور اپنے گھر پر موجود نہیں تھیں۔
پولیس کے مطابق، نقب زن کا سامنا پہلے سیف علی خان کی ملازمہ سے ہوا جس کے بعد اداکار نے مداخلت کی اور جھگڑا ہوگیا۔ممبئی پولیس نے پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ انہوں نے واردات میں ملوث ایک ملزم کی شناخت کر لی ہے،ملزم نے آگ بجھانے کے راستے کا استعمال کرتے ہوئے سیف علی خان کے گھر میں داخلہ لیا۔
زون 9 کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس، ڈکشٹ گیدام نے بتایا کہ 10 تفتیشی ٹیمیں اس کیس پر کام کر رہی ہیں۔
ممبئی پولیس نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ سیف علی خان کے گھر میں سے کسی شخص نے حملہ آور کی گھر کے اندر داخل ہونے میں مدد کی ہے۔
بالی ووڈ سپر سٹار سیف علی خان کے گھر پر ڈکیتی کے بعد کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، ویڈیو میں ان کی اہلیہ اداکارہ کرینہ کپور گھر کے پورچ میں اپنی ملازماؤں کے ساتھ کھڑی نظر آرہی ہیں اورایسا دکھائی دیتا ہے کہ وہ اپنی ملازماؤں سے واقعہ کی پوچھ گچھ کر رہی ہیں اور دوسری جانب رکشہ بھی کھڑا دیکھا جاسکتاہے ، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اطلاع پا کر موقع پر پہنچی ہیں۔
ادھر این ڈی ٹی وی کے مطابق سیف علی خان پر حملہ کرنے والے شخص کے حوالے سے اہم اپ ڈیٹس سامنے آگئیں اور مبینہ طور پر اداکار کے ایک ہاؤس ہیلپرنے سہولت کاری کی جس کی بنا پر اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ملزم سیف علی خان کے گھر میں چوری کرنے کی نیت سے داخل ہوا تھا،سی سی ٹی وی کیمروں میں حملے سے دو گھنٹے پہلے تک کسی کو بھی سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوتے ہوئے نہیں دیکھا گیا، جس کا مطلب ہے کہ حملہ آور پہلے ہی گھر میں داخل ہو چکا تھا اور حملے کے لیے انتظار کر رہا تھا۔
پولیس کو شبہ ہے کہ حملہ آور کا تعلق گھر کے کسی ملازم سے ہے جس نے اسے اداکار کے گھر میں داخل ہونے دیا۔ اس ملازم سے اب پوچھ گچھ کی جا رہی ہے کیونکہ ممبئی پولیس اس چونکا دینے والے واقعے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے جو ممبئی کے ایک پوش علاقے میں پیش آیا۔