پی ٹی آئی چیئرمین کی آرمی چیف سے ملاقات کی خبروں پرعسکری ذرائع کا ردعمل آگیا
راولپنڈی (ویب ڈیسک) پشاور میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی خبروں پرعسکری ذرائع کا ردعمل آگیا اور ذرائع نے بتایاکہ آرمی چیف سے بیرسٹر گوہر کی ملاقات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی،ہونیوالی بات چیت کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا جو باعث افسوس ہے۔
خبررساں ایجنسی آئی این پی نے بتایاکہ آرمی چیف سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سکیورٹی صورت حال پر گفتگو ہوئی، دونوں رہنمائوں سے بات چیت انسداد دہشت گردی کے معاملات کے تناظر میں ہوئی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات میں بیرسٹرگوہر نے سیاسی معاملات پر بات کرنے کی کوشش کی، بیرسٹرگوہرکو جوابا بتادیا گیا کہ سیاسی معاملات پربات چیت آپ سیاست دانوں سے کریں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ میری اور علی امین گنڈاپور کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات ہوئی ہے۔