فیصل واوڈا نے ایک اور سکینڈل سامنے لانے کا اعلان کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سینیٹر فیصل واوڈا نے ایک اور سکینڈل سامنے لانے کا اعلان کردیا اور دعوی کیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)افسران کیلیے ہزار گاڑیاں خریدنے کا معاملہ کرپشن کا میگا سکینڈل ہے۔
ایک انٹرویو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ ایف بی آر کا ہدف تھا کہ سہ ماہی میں 384 ارب روپے جمع کرنے ہیں لیکن ہدف میں ناکامی کے بعد 4، 5 ارب روپے کی گاڑیاں بطور انعام دی جا رہی ہیں، گاڑیاں لینے کا کنٹریکٹ بنایا گیا تو کسی اخبار میں اشتہار ہی نہیں دیا گیا، کنٹریکٹ میں بھی کرپشن کی جا رہی ہے، گاڑیاں کس سے خریدی جا رہی ہیں اور کیسے یہ کسی کو نہیں پتا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بہترین کام کر رہے ہیں، وزرا نے کہا آپ سکینڈل پر ٹھیک کہہ رہے ہیں لیکن ہمارے بس سے باہر ہے، سیاسی لاشوں کی بات کرتا ہوں تو لوگ تنقید کرتے ہیں، ایسی سیاسی لاشیں ہیں کہ انہیں واقعی لکھنا پڑھنا نہیں آتا، گاڑیوں کیلیے اتنی جلدی ہے آج میٹنگ میں فون آیا کہ فنڈز ریلیز کر دیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اس میگا سکینڈل کا حصہ نہیں ہیں، 10 جنوری کو کنٹریکٹ بنایا اور 10 جنوری کو ہی پرچیز آرڈر جاری کر دیا گیا۔
فیصل واوڈا نے دعوی کیا کہ کچھ ہفتے میں ایک اور سکینڈل بھی سامنے لاوں گا، یہ لوگ جہیز میں آئے اس میں ایک افسر پی ٹی آئی کے وزیر کے ساتھ بھی رہا، کوئی بھی سکینڈل ہوگا تو اسے روکنے کی کوشش کروں گا، سکینڈل کو نہیں روک سکیں گے تو پھر پارلیمنٹ میں بیٹھنے کا فائدہ نہیں۔