ایلون مسک کی کمپنی سٹارلنک کی سروس کب تک پاکستان میں دستیاب ہوگی؟ جانیے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پارلیمانی سیکرٹری وزارت آئی ٹی نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ رواں سال جون تک ایلون ملک کی انٹرنیٹ کمپنی سٹارلنک کی سروسز یہاں دستیاب ہوں گی ۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا چیئرمین امین الحق کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبادی پچیس کروڑ پہنچ چکی اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر وہی ہے ، پی ٹی اے کمپنیوں کو ہدایت کرے کہ انفراسٹرکچر بہتر کریں ، ٹیلی کام کمپنیوں کو کہیں کہ انٹرنیٹ نہ ہونےسے طلباء کا حرج ہورہا ہے، سٹار لنک والا معاملہ ہوجائے تو بہت بہتر ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ سٹارلنک اور سپیس ریگولیٹری باڈی کے درمیان 90 فیصد بات ہوگئی ہے ، اس کے بعد لائسنس کے اجراء میں زیادہ وقت نہیں لگتا ۔ پارلیمانی سیکرٹری وزارت آئی ٹی نے کہا کہ رواں سال جون تک اسٹارلنک کی سروسز یہاں پر دستیاب ہوں گی ، اسٹارلنک کے ساتھ معاملات تقریبا فائنل سٹیج پر پہنچ چکے ہیں۔
قائمہ کمیٹی آئی ٹی نے سفارش کی کہ اسٹارلنک کے ساتھ معاملات کوجلدازجلد مکمل کیا جائے ۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہم ایک ڈائریکٹیوایشوکرتےہیں کہ جلدازجلد اسٹارلنک کا لائسنس مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر احمد عتیق نے کہا کہ آج کل ڈیٹا سیکیورٹی بہت بڑا مسئلہ ہے ، مجھے سٹار لنک پر اعتبار نہیں، ہمیں نہیں پتا کہ ہمارے لوگوں کا ڈیٹا محفوظ ہو گا یا نہیں ۔