پی آئی اے کی نجکاری کیلئے مقرر مالیاتی مشیر کو کتنی ادائیگی کی گئی؟ تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد(ویب ڈیسک)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن(پی آئی اے)کی نجکاری کیلئے مقرر کردہ مالیاتی مشیر کو سوا ارب روپے دیے گئے لیکن ایئرلائن کی نجکاری نہ ہوسکی البتہ بھاری رقم اس تنخواہ کی مد میں دینا پڑی ۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق ستار کی زیر صدارت منعقد ہواجسمیں سیکریٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے قائمہ کمیٹی کو پی آئی اے کی نجکاری پر بریفنگ دی۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے جس مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کی گئی تھیں اسے ایک ارب 20 کروڑ روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے، تاہم پی آئی اے کی نجکاری نہیں ہوسکی۔
سیکریٹری نجکاری کمیشن نے کمیٹی کو بتایا کہ مالیاتی مشیر کو مجموعی طور پر 69 لاکھ ڈالر (ایک ارب 90 کروڑ روپے)ادا کرنے ہیں، اب تک ایک ارب 20 کروڑ روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے،باقی ماندہ رقم نجکاری کا عمل مکمل ہونے پر ادا کی جائے گی۔
انہوں نے قائمہ کمیٹی کے ارکان کو بریفنگ میں بتایا کہ پی آئی اے ہولڈکو کی 26 جائیدادیں ہیں اور پی آئی اے سی ایل کی 5 جائیدادیں ہیں۔