پاکستان میں گدھوں کے علاوہ کتوں اور مینڈک کے گوشت کی فروخت کا بھی انکشاف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) کچھ عرصہ قبل گدھوں کا گوشت فروخت کیے جانے کی خبریں سامنے آچکی ہیں لیکن اب کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے غذائی تحفظ کے اجلاس میں رکن کمیٹی ایمل ولی خان نے انکشاف کیا کہ کئی علاقوں میں کتوں، گدھوں اور مینڈک کا گوشت کھانے کیلئے فروخت ہوتا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایمل ولی خان نے یہ بھی بتایا کہ پلاسٹک کے چاول بھی فروخت کیے جا رہے ہیں، اس اجلاس میں ملک میں غیر معیاری خوراک کی فروخت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ایمل ولی خان نے تجویز دی کہ ملک میں فوڈ سیفٹی کی ایک واضح اور سخت پالیسی بنائی جائے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جاسکے۔ اجلاس میں فوڈ سیفٹی پالیسی کی تشکیل اور برآمدات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ذیلی کمیٹی کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا گیا۔