لگژری کشتیاں اور پرائیویٹ جیٹ، یوکرینی صدر کے اثاثوں کی تفصیلات منظرعام پر

کیف (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اس وقت امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے خبروں میں جگہ بنا رہے ہیں، وہ 30 ملین ڈالر کی مجموعی دولت کے مالک ہیں۔
تفصیل کے مطابق زیلنسکی عالمی توجہ کا مرکز اس وقت بنے جب انہوں نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک متنازع ملاقات کی۔ یوکرین پر روسی حملے کے بعد ایک امریکی معدنی معاہدہ ناکام ہوا، جس کے بعد انہوں نے برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کی بھرپور حمایت حاصل کر لی۔
اپنی مخصوص فوجی طرز کی سادہ پوشاک کے لیے پہچانے جانے والے زیلنسکی کا سیاسی سفر غیر معمولی رہا ہے، کیونکہ انہوں نے ایک اداکار، بزنس مین اور سرمایہ کار کے طور پر اپنی شناخت بنائی تھی۔
فوربز کے مطابق 2022 میں روسی حملے کے آغاز پر فوربز نے زیلنسکی کی دولت کا تخمینہ تقریباً 30 ملین ڈالر لگایا تھا۔ 2019 میں یوکرین کی صدارت سنبھالنے سے قبل، ان کی دولت فلمی صنعت، پروڈکشن اور مزاحیہ اداکاری سے حاصل ہونے والی آمدنی پر مبنی تھی۔ وہ "کوارٹال-95 سٹوڈیو” پروڈکشن کمپنی کے مالک تھے، تاہم، صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے اس میں اپنی اکثریتی شراکت فروخت کر دی۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق زیلنسکی کے پاس یوکرین کے سب سے مہنگے رہائشی عمارت میں ایک فلیٹ ہے، اس کے علاوہ کیف میں مزید دو اپارٹمنٹس بھی موجود ہیں۔ بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے پاس پانچ پرتعیش کشتیاں (یخوت) اور تین نجی طیارے بھی ہیں۔
مزید برآں کچھ ذرائع کے مطابق انہوں نے میٹا اور ٹیسلا جیسی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے، تاہم فوربز کا کہنا ہے کہ ان معلومات کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔
زیلنسکی کی اہلیہ اولینا زیلنسکا کے بینک اکاؤنٹ میں تقریباً 2 ملین ڈالر کی رقم موجود ہے جبکہ ان کے پاس سرکاری بانڈز بھی ہیں۔ ان کے زیورات، گاڑیاں اور دیگر اثاثے تقریباً ایک ملین ڈالر کے قریب بتائے جاتے ہیں۔