نارووال میں تراویح پڑھتے افراد پر فائرنگ، سپیشل برانچ کے اہلکار سمیت تین افراد شہید، آئی جی کا ملزمان کی گرفتاری کا حکم

نارووال (ویب ڈیسک)نارووال میں تراویح پڑھتے افراد پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں سپیشل برانچ کے اہلکار سمیت تین افراد شہید ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کردیاگیا، دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہےاور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
تفصیل کے مطابق نارووال میں انعام اللہ بٹ کی حویلی کے کمرے میں نماز تراویح ادا کی جا رہی تھی کہ نامعلوم نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹر عمران بٹ، شاہد بٹ سمیت اسپیشل برانچ پنجاب پولیس کا اہلکار ظفر اقبال جاں بحق ہو گئے جب کہ شہباز نامی شخص شدید زخمی ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتولین کی نجی لاری اڈا اسٹینڈ کی وجہ سے دیرینہ دشمنی چل رہی تھی۔ واقعے کے بعد ڈی پی او نارووال ملک نوید سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیاجب کہ زخمی کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔