وزیراعظم سے پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات کی اندورنی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم سے پیپلز پارٹی کے وفد کی اندورنی کہانی سامنے آگئی اور پیپلز پارٹی وفد کے مطابق وزیراعظم نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی وفد کو افطار ڈنر کی دعوت دی گئی، اس موقع پر تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پیپلز پارٹی وفد کے مطابق دریائے سندھ کے نظام سے مزید نہریں نکالنے سے صوبے بھر میں تشویش ہے، یکطرفہ پالیسیاں وفاق پر شدید دباؤ کا باعث بن رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا منصوبہ پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لیے بغیر نہیں کیا جائے گا، اس حوالے سے جلد اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا جائے گا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پنجاب کے مسائل کے حل کیلئے ہفتہ کو لاہور میں اجلاس ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں جماعتیں مل کر متنازع معاملات حل کریں گی، اس حوالے سے اسحاق ڈار کو ٹاسک دے دیا ہے۔