بلوچستان میں ٹرین پر حملہ، 500 یرغمال مسافروں میں سے 155 بازیاب، آپریشن میں کم از کم 27 دہشتگرد مارے گئے

کوئٹہ (ویب ڈیسک) صوبائی دارلحکومت سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملے اور 500 مسافروں کو یرغمال بنائے جانے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں کم ازکم 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ آخری اطلاعات تک فورسز نے 155 مسافروں کو بازیاب کروالیا ہے۔
تفصیل کے مطابق منگل کی صبح ساڑھے نو بجے کوئٹہ سے روانہ ہونے والی ٹرین گڈالار اور پیرو کنری کے علاقےمیں پہنچی تو وہاں نامعلوم مسلح افراد نے ٹرین پر فائرنگ کردی جس نتیجے میں ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جس سے ٹرین رک گئی۔
عینی شاہدین اور لیویز ذرائع کے مطابق مچھ کی پہاڑیوں کے درمیان یہ واقعہ پیش آیا ہے، جہاں جعفر ایکسپریس کو روک دیا گیا اور فائرنگ کی آوازیں کافی دیر تک آتی رہیں۔
بعدازاں واقعے کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران 155 یرغمال مسافروں کو سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے رہا کروا لیا، جن میں مرد سمیت 31 عورتیں اور 15 بچے شامل ہیں۔ریلوے حکام کے مطابق بازیاب مسافروں میں 17 زخمی بھی شامل تھے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، 80 مسافروں میں سے 12 مسافر آب گم اور 11 مسافر مچھ میں اپنے رشتہ داروں کے پاس ٹھہر گئے جبکہ 57 مسافروں کو مچھ سے کوئٹہ بذریعہ وین پہنچا دیا گیا ہے۔