بچے نے ماں کے آئسکریم کھانے پر پولیس بلا لی

واشنگٹن (ویب ڈیسک )امریکی ریاست وسکونسن میں اس وقت دلچسپ صورتحال بن گئی جب ایک چار سالہ بچے نے ماں کے آئسکریم کھانے پر پولیس کو بلا لیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ماؤنٹ پلیزنٹ میں رہنے والے 4 سالہ بچے نے ماں کی گرفتاری کے لیے پولیس کو 911 پر کال کی، پولیس کو جب معاملے کی وجہ معلوم ہوئی تو وہ ہنسنے پر مجبور ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق بچے نے ریسین کانٹی کے ڈسپیچر کو فون پر کہا کہ میری ماں بہت بری ہے،آ ئیں اور میری ماں کو لے جائیں، میری ماں کو جیل میں ڈال دو اور مجھے اکیلا چھوڑ دو۔ ماں نے جلدی سے جواب دیا کہ میں نے اس کی آئسکریم کھائی، شاید اسی لیے اس نے آپ کو فون کرلیا ہے۔
پورٹ کے مطابق یوٹیوب پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ جب پولیس افسران بچے کے گھر پہنچے تو بچے کا ارادہ بدل چکا تھا اور وہ اب نہیں چاہتا تھا کہ اس کی ماں جیل جائے۔