جماعت اسلامی کے ممبرز کنونشن میں خطاب کی جھلکیاں

**جماعت اسلامی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے پرعزم ہے، ڈاکٹر طارق سلیم**
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی مشکل وقت آتا ہے، جماعت اسلامی ہر قسم کے تعصب سے بالاتر ہوکر قوم، ملک اور امت کی خدمت کے لئے میدان میں آتی ہے۔
اسلام آباد میں کوٹلہ گلیانہ کے ممبرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان معاشرے کے محروم طبقے، مزدور، کسان اور ہاری کا مقدمہ نہایت جرات کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول، ڈیزل، گیس اور بجلی پر بھاری ٹیکس نافذ کر دیے ہیں جبکہ شوگر مافیا کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، جو عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ حکومتی وزراء، بیوروکریسی، ججز اور جرنیلوں کی مراعات میں بے تحاشہ اضافہ کردیا گیا ہے اور اس کا بوجھ بھی براہ راست عوام پر ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کے نام پر عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے، جبکہ دوسری طرف اشرافیہ کو مفت سہولیات دی جارہی ہیں۔ ان کے بقول عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملتا اور حکومتی اہلکار صرف اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بڑی تعداد میں لوگ جماعت اسلامی کی رکنیت حاصل کر چکے ہیں اور اب دوسرے مرحلے میں یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر عوامی کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں، جو شہریوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ہدایت پر کیے گئے حکومتی فیصلے نہ صرف حکومت کی مقبولیت کو کم کر رہے ہیں بلکہ ملک کے لئے مزید مسائل کا باعث بن رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر خالد محمود ثاقب، انصر محمود دھول، حافظ اسعد اقبال، محمد شبیر مرزا، اور حافظ محمد اجمل سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور جماعت اسلامی کے نصب العین اور حکومتی پالیسیوں پر کھل کر اظہار خیال کیا۔