موٹاپے کے خلاف آگاہی اور شراکت داری کا سفر

نوو نورڈِسک پاکستان کی موٹاپے کے خلاف شعور بیداری کے لیے غیرمعمولی تقریب

لاہور – نوو نورڈِسک پاکستان نے "صحت مند کل کے لیے غیرمعمولی شراکت داری” کے عنوان سے ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا جس کا مقصد ملک میں تیزی سے بڑھتے ہوئے موٹاپے (اوبیسیٹی) جیسے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ماہرین صحت، پالیسی سازوں اور متعلقہ اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا تھا۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈنمارک کے سفیر جیکب لنلف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز، خصوصاً موٹاپے سے نمٹنے کے لیے شراکت داری ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوو نورڈِسک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے عالمی ادارے پاکستان میں صحت کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کا تعاون عوامی صحت پر مثبت اور دیرپا اثرات مرتب کرے گا۔

نوو نورڈِسک پاکستان کے جنرل منیجر راشد رفیق بٹ نے ادارے کی ایک صدی پر محیط میراث اور پچیس سالہ تحقیق پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کمپنی نے سائنسی ترقی کی بدولت GLP-1 جیسا علاج متعارف کروایا ہے جو لاکھوں افراد کے وزن میں کمی کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موٹاپے کے مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے حکومتی اداروں، نجی شعبے، کمیونٹیز اور این جی اوز کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی اختیار کرنا لازمی ہے۔

پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کے صدر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ افراد موٹاپے کا شکار ہیں۔ انہوں نے اس عالمی وبا کو نہ صرف انفرادی صحت بلکہ صحت عامہ کے لیے بھی سنگین خطرہ قرار دیا اور اس کی روک تھام پر زور دیا۔

پاکستان سوسائٹی آف اوبیسیٹی کے صدر ڈاکٹر اے ایچ امیر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ موٹاپے کے خلاف جنگ صرف علاج تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس میں احتیاط، عوامی آگاہی اور سماجی رویوں میں تبدیلی بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے آگے آئیں۔

تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں موٹاپے کے خلاف متحد ہو کر کام کیا جائے گا اور صحت مند زندگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ نوو نورڈِسک پاکستان نے بھی اعلان کیا کہ وہ صحت مند اور طویل زندگی کے لیے اپنا قائدانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے