وائس چانسلر شہزاد علی خان پر مقدمات اور سرکاری گاڑی کا تنازعہ

اسلام آباد میں ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر شہزاد علی خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عائشہ خان کے درمیان سنگین الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں افسران نے ایک دوسرے کے خلاف پولیس میں شکایات درج کرائی ہیں، جبکہ وزارت صحت نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق خاتون ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عائشہ خان نے شہزاد علی خان کے خلاف خواتین پولیس اسٹیشن چک شہزاد میں درخواست دی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ وائس چانسلر نے انہیں زدوکوب کیا۔ میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر اس الزام کی ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔ اسی روز سرکاری گاڑی نمبر جی اے کے 880 متعلقہ پولیس اسٹیشن میں جمع کروا دی گئی۔
ان واقعات کے بعد انیس دن تک خاموشی رہی، تاہم وائس چانسلر شہزاد علی خان نے اچانک ڈاکٹر عائشہ خان کے خلاف سرکاری گاڑی قبضے میں رکھنے اور چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے تھانہ چک شہزاد میں ایف آئی آر درج کرا دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر عائشہ خان کی مدعیت میں شہزاد علی خان کے خلاف شادی کا جھانسہ دے کر شادی نہ کرنے اور زدوکوب کرنے کی ایف آئی آر بھی پہلے ہی درج کی جا چکی تھی۔ تاحال وزارت صحت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ایکشن سامنے نہیں آیا۔ اس اہم سرکاری ادارے میں جاری اس رسہ کشی سے عملے اور افسران میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔