پاک چین تربیتی ورکشاپ برائے جدید زرعی آبپاشی ٹیکنالوجی

پاکستان اور چین کے ماہرین کی شراکت سے زرعی پانی کی بچت کے جدید آبپاشی ٹیکنالوجیز پر بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ پیر مہر علی شاہ ارید ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ اس ورکشاپ میں پانی کے تحفظ اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کا آغاز کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان میں جدید آبپاشی نظام کے فروغ اور زرعی شعبے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہے۔

اس ورکشاپ کا انعقاد چینی ادارے ژنجیانگ تیانئے واٹر-سیونگ ایریگیشن کمپنی، نیشنل انجینئرنگ ریسرچ سینٹر فار واٹر-سیونگ ایریگیشن (ژنجیانگ، چین) اور سینٹر فار ماڈرن ایگری کلچر اینڈ واٹر ایفیشنٹ ٹیکنالوجیز، فیکلٹی آف ایگریکلچر انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، ارید یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزماں نے پانی کے ذخائر کی کمی، ماحولیاتی تبدیلی اور آبادی میں اضافے جیسے عالمی چیلنجز کے تناظر میں پانی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار زراعت اور ماحول کے تحفظ کے لیے پانی کی بچت اور اس کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے۔

ورکشاپ میں چین سے آٹھ ماہر تربیت کنندگان اور ارید یونیورسٹی سے فیکلٹی آف ایگری کلچرل انجینئرنگ کے تین ماہرین نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد مستقبل کے لئے ماسٹر ٹرینرز تیار کرنا ہے، جو پاکستان میں جدید آبپاشی طریقوں کے فروغ اور ان کے مؤثر اطلاق میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ ورکشاپ میں ملک بھر سے سرکاری افسران، تکنیکی ماہرین، تحقیقی اداروں کی نمائندگان، صنعت کاروں اور فارم منیجرز نے شرکت کی۔ شرکاء کو تربیتی نشستوں، فیلڈ ڈیمونسٹریشنز، عملی مشقوں اور فنی مباحثوں پر مبنی ایک جامع تربیتی ماڈل فراہم کیا جارہا ہے، تاکہ تحقیق اور عملی استعمال کے درمیان موجود خلا کو دور کیا جا سکے۔

ورکشاپ آئندہ ایک برس تک جاری رہے گی اور پاکستان و چین کے درمیان زرعی جدت اور پانی کے وسائل کے انتظام کے شعبے میں دیرپا تعاون اور معلومات کے تبادلے کا موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے