اسلام آباد میں ڈینگی کنٹرول اقدامات اور احتیاطی تدابیر

اسلام آباد میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اور وزارتِ صحت کی ویكٹر کنٹرول ٹیموں نے ہائی رسک علاقوں سمیت شہر بھر میں خصوصی ڈینگی سویپ سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد شہریوں کو ڈینگی سے تحفظ فراہم کرنا اور وبائی خطرے کو کم سے کم سطح پر لانا ہے۔

حکام کے مطابق ٹیمیں گھر گھر جا کر سرویلنس کے ساتھ لاروا کی نشاندہی و خاتمہ اور اسپرے کے اقدامات کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ مریضوں کی نشاندہی کے لیے ٹریسنگ، پانی کے ذخائر اور کھلے برتنوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے، جبکہ کھلے برتنوں کی صفائی، فوگنگ اور کمیونٹی آگاہی سیشنز کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ عوام میں ڈینگی سے متعلق شعور اجاگر ہو سکے۔

ڈینگی کنٹرول کے اس خصوصی آپریشن کے دوران ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے SOPs کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینا شروع کر دیا ہے۔ اس ضمن میں متعدد افراد یا اداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں اور بعض کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

ڈینگی سے بچاؤ کے لیے صحت کے عملے نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ پانی والے برتن، ٹینک، گملے، کولر اور فریج کی ٹرے روزانہ صاف کریں۔ مکمل آستین کے کپڑے پہنیں، مچھر مار اسپرے اور لوشن کا استعمال کریں، سوتے وقت لازمی مچھر دانی استعمال کریں اور کھڑکیوں و دروازوں پر جالی ضرور لگائیں۔

حکام نے ایک مرتبہ پھر اپیل کی ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ ہر شہری کی ذمہ داری ہے؛ احتیاط کریں اور محفوظ رہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے