پولیس ٹریننگ سکول میں ناخوشگوار واقعہ، انسپکٹر کو ہیڈ کانسٹیبل نے قتل کرکے خودکشی کرلی
شیخوپورہ (ویب ڈیسک) پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر فاروق آباد میں ڈیوٹی میں غفلت برتنے کی شکایت کرنے کی رنجش پر پولیس ٹریننگ سکول کے چیف سیکیورٹی آفیسر انسپکٹر کو اس کے ماتحت ہیڈ کانسٹیبل نےفائرنگ کر کے قتل کر دیا اور بعد میں خود کشی کر لی،دونوں ڈیپیوٹیشن پرپولیس ٹریننگ سکول فاروق آباد آئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ہیڈ کانسٹیبل طاہر حسین کی ڈیوٹی ایس ایس پی آفس میں تھی جہاں چیف سیکیورٹی آفیسر نے رات 2 بجے ڈیوٹی چیک کی تو دوران چیکنگ ہیڈ کانسٹیبل طاہر کو سوتا ہوا پایا جس کی تحریری شکایت روزنامچے میں سیکیورٹی آفیسر محمد افضل نے درج کروا دی۔
اگلی صبح جب پی ٹی ٹریننگ کی تیاری کروانے سیکیورٹی آفیسر افضل جا رہا تھا تو ہیڈ کانسٹیبل طاہر موٹر سائیکل پر وہاں آیا اور فائرنگ رینج کے قریب سیکیورٹی آفیسر افضل کو قتل کر دیا اور موقع پر ہی اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔بتایاگیا ہے کہ مقتول انسپکٹر افضل کاتعلق فیصل آباد اور خود کشی کرنے والے طاہر کا تعلق حافظ آباد سے تھا۔
ذرائع کے مطابق ناخوشگوار واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، موجودہ صورتحال میں پولیس ملازمین تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔