بھارت کے ساتھ ماضی کے تعلقات سدھارنے کی ضرورت ہے، نوازشریف جنیوا سے لندن پہنچ گئے
لندن (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر پاک بھارت تعلقات سدھارنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اچھی بات ہوتی بھارتی ٹیم پاکستان آکر کھیلتی، امید ہے جلد ایسا وقت آئے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جینیوا سے ہم لندن پہنچے ہیں، الحمداللّٰہ سب خیریت ہے، پاکستان کے تعلقات ہمسایوں کے ساتھ بھی اچھے ہونے چاہئیں،بھارت کے ساتھ ماضی کے تعلقات سدھارنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ماضی میں تعلقات اگر بگڑے ہیں تو انہیں سنوارنے کی ضرورت ہے، بھارت کے ساتھ تعلقات سنوارے جا سکتے ہیں، مجھے کوئی مشکل نظر نہیں آتی، ہمیں کسی سے تعلقات خراب رکھ کے کرنا کیا ہے؟
نواز شریف نے کہا کہ افسوس ناک ہے کہ ایک پارٹی نے بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد رکھی، بدتمیزی کا کلچر انہوں نے اپنی حکومت میں بھی پروموٹ کیا اور اپوزیش میں اس سے بھی زیادہ پروان چڑھایا، گاڑیوں کے پیچھے پیچھے بھاگ رہے ہیں تعاقب کر رہے ہیں ، آپ کی قسمت میں احتجاج لکھا ہے تو اچھی طرح سے کرو۔