ٹک ٹاک نے بیوٹی فلٹرز پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا
بیجنگ (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک کی انتظامیہ نے بیوٹی فلٹر کے استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد 18 سال سے کم عمر صارفین بیوٹی فلٹرز کو استعمال نہیں کرسکیں گے۔
ٹک ٹاک ترجمان کے مطابق آنے والے ہفتوں میں 18 سال سے کم عمر صارفین کو شخصیت بدل دینے والے ایفیکٹس کے استعمال سے روک دیا جائے گا، اس اقدام کا مقصد کم عمر افراد کو ذہنی صحت کے مسائل سے محفوظ رکھنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیوٹی فلٹر تصاویر ریئل ٹائم ویڈیو پر لگایا جاتا ہے تاکہ چہرے کی کشش میں اضافہ کیا جاسکے۔ اس طرح کے فلٹرز کے عام ایفیکٹس میں جلد کی ساخت کو ہموار کرنا اور آنکھوں کو بڑا یا ناک کو تنگ کرنا بھی شامل ہیں۔ٹک ٹاک نے اس تبدیلی کا اعلان یورپین سیفٹی فارم پر کیا ہے، تاہم یہ معلوم نہ چل سکا کہ کن کن ممالک میں یہ اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔