بشریٰ بی بی کو عملی سیاست میں آگے لانے کی وجہ سامنے آگئی
اسلام آباد(ویب ڈیسک) بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسف زئی نے بتایاکہ پارٹی رہنما، جیل میں پابند سلاسل بانی عمران خان کی ہدایات پر پوری طرح عمل نہیں کرتے جس کے سبب بشریٰ بی بی کو عملی میدان میں آگے لایا گیا۔
برطانوی اخبار کو مشعال یوسفزئی نے بتایا کہ فائنل کال کے احتجاج والے دن بھی بشریٰ بی بی نے صرف بانی پی ٹی آئی کی ہدایت اور ان کے مفاد کیلئے کام کیا، بانی پی ٹی آئی، پارٹی قیادت کی طرف سے اپنی ہدایات عوام تک نہ پہنچانے اور ان کے جوڑ توڑ سے سخت مایوس ہیں، بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی سے کہا ہے کہ وہ اب ان کا پیغام براہ راست پہنچائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کو سیاست کا تجربہ نہ ہونے کے سبب انہیں قطعی ہدایات دی جائیں گی، بشریٰ بی بی کے سیاسی عزائم نہیں، وہ پرسکون روحانی شخصیت ہیں، وہ صرف بانی اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کررہی ہیں۔