سروگیسی کیلئے کوکھ کرائے پر دینے کا الزام، عدالت نے درجن بھر حاملہ خواتین کو سزائیں سنادیں
پھوم پنہ (ویب ڈیسک) کمبوڈیا کی ایک عدالت نے 13 حاملہ فلپائنی خواتین کو غیر قانونی عمل کے تحت سروگیسی کیلئے بطور کرائے کی ماں کام کرنے کے الزام میں چار سال قید کی سزا سنادی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کینڈال صوبے میں کمبوڈین پولیس نے ستمبر میں ان 13 خواتین کو دیگر 24 غیر ملکی خواتین کے ساتھ گرفتار کیا تھا اور ان پر سرحد پار انسانی سمگلنگ کی کوشش کا الزام عائد کیا تھا۔
مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت نے ان 13 خواتین کو چار سال قید کی سزا سنائی جس دو سال کی معطل سزا بھی شامل ہے۔
عدالت نے قراردیا ہے کہ مضبوط شواہد موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان 13 خواتین نے پیسے کے عوض تیسرے فرد کو بچے بیچنے کی نیت سے بچوں کو جنم دینے کا ارادہ کیا، جو انسانی سمگلنگ کا عمل ہے۔