گوگل نے پاکستان میں 2024 کے ٹاپ سرچنگ ٹرینڈز کا اعلان کردیا
نیویارک (ویب ڈیسک) معروف سرچ انجن گوگل نے پاکستان میں رواں سال کے ٹاپ سرچنگ ٹرینڈز کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوگل سرچ میں کرکٹ ٹاپ ٹرینڈ رہا جس میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ نے قوم کی توجہ اپنی جانب مبذول کیے رکھی۔ پی ایس ایل 2024 کے شیڈول اور ساتھ ہی شعیب ملک اپنی نجی زندگی کی وجہ سے لوگوں کیلئے ہاٹ ٹاپک بنے رہے، اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم بھی پاکستانی صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
سیلیبریٹی شخصیات ثناء جاوید اور زویا ناصر، بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی، حریم شاہ اور مناہل ملک کے لیے انٹرنیٹ صارفین بے تاب رہے۔
پاکستان کے لیے گوگل کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے اس بات کو از سر نو تصور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے کہ سرچ کیا کچھ کر سکتی ہے اور ہم اپنی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ پاکستانی ویب صارفین اپنے ارد گرد کی دنیا کو بہتر طور پر دریافت کر سکیں۔