کزن کی محبت میں مبتلا دلہن نے شادی کے چوتھے دن ہی دولہا کی جان لے لی
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت میں اپنے کزن کی محبت میں مبتلا پائل نامی خاتون نے شادی کے چوتھے دن ہی دولہا کو قتل کردیا، اس واردات میں بھی دلہن کے کزن کلپیش نے ساتھ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں چار دن کے دلہا کی لاش نے علاقے گاندھی نگر میں کہرام مچادیا ، قتل کی تفتیش کے دوران پولیس کے سامنے ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں اور پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان نے بتایا کہ یہ قتل مقتول بھاویک کی اہلیہ پائل نے کروایا ہے کیوں کہ وہ اپنے کزن سے محبت کرتی تھی اور اسی سے شادی کرنا چاہتی تھی، ملزمان نے تفتیش کے دوران بتایا کہ بھاویک کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ اپنی اہلیہ پائل کو لینے اس کے والدین کے گھر جا رہا تھا۔
اغوا کاروں نے بھاویک کا گلا گھونٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جب بھاویک کافی دیر ہوجانے کے باوجود سسرال نہ پہنچا تو سسر نے اپنے سمدھی کو فون کرکے بتایا کہ ان کا بیٹا ہمارے یہاں نہیں پہنچا۔
پائل نے بھی اعترافِ جرم کرلیا کہ وہ اپنے کزن سے محبت کرتی تھی اور اس کے ساتھ مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی تھی، پولیس نے ملزمہ پائل اور اس کے کزن کلپیش کو بھی حراست میں لے لیا۔